Dawn News Television

شائع 18 اپريل 2015 06:29pm

لوگ فیس بک پر جھوٹ کیوں بولتے ہیں؟

نیویارک : سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک، ٹوئیٹر یا انسٹا گرام وغیرہ کے صارفین اپنے دوستوں کو متاثر کرنے کے لیے جھوٹی کہانیاں بنانے کے عادی ہوجاتے ہیں۔

یہ دلچسپ انکشاف برطانیہ میں ہونے والے ایک تحقیق نما سروے میں سامنے آیا ہے۔

ایک ویب سائٹ کی جانب سے کرائی گئی اس تحقیق کے دوران انکشاف ہوا کہ ویک اینڈ یا ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر لوگ جھوٹی کہانیاں گھڑتے ہیں تاکہ دفاتر یا اپنے آن لائن فرینڈز کو متاثر کیا جاسکے۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ہفتہ وار تعطیل درحقیقت فیس بک وغیرہ جیسی ویب سائٹس صارفین کے لیے سماجی میدان جنگ بن جاتی ہیں اور ان کے درمیان پیر کی صبح ایک دوسرے کو بہترین کہانی کی مسابقت ہوتی ہے۔

محققین نے یہ بھی انکشاف کیا ہے بیشتر افراد جمعے سے اتوار کے دوران باہر گھومنے یا رشتے داروں سے بات چیت کی بجائے سوشل میڈیا پر اپنا بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں خاص طور پر خواتین اس معاملے میں مردوں سے آگے ہیں۔

اسی طرح ہر دس میں سے ایک صارف نے اعتراف کیا کہ وہ ہفتہ وار تعطیل کے دوران فیس بک، ٹوئیٹر اور انسٹاگرام پر اپنی تصاویر پوسٹ کرنے کے لیے خطرات مول لینے سے بھی نہیں چوکتا۔

Read Comments