Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2015 11:37pm

تنقید سے کبھی بہتری نہیں آتی، مصباح

کراچی : پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈکپ نہ جیتنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں پر تنقید کا سلسلہ بند کیا جائے۔

ڈان نیوز اسپیشل میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ون ڈے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھاکہ بات بات پر تنقید سے اصلاح ہوتی ہے نہ ہی کبھی بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے ، ایسا نہیں کہ آپ ہر میچ جیت جائیں، کپتانی کے دور میں میچز جیتنے کے باوجود مجھے مسلسل تقنید کا نشانہ بنایا جاتا رہا، کھلاڑیوں پر بے جا تنقید کا نقصان پاکستان اور قومی ٹیم کو ہی ہوگا۔

ان کے بقول قومی ٹیم میں ایک کھلاڑی کے طور پر کھیلنے تک بات ٹھیک ہے لیکن جیسے ہی آپ کپتان بنیں محسوس ہوتا ہے کئی لوگ خواہ مخوا آپ کے دشمن بن گئے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر میڈیا اور لوگوں کی بے جا تنقید کا یہی سلسلہ چلتا رہا تو ایک دن ایسا آئے گا کہ کوئی کپتان ملے گا اور نہ کوئی بننا چاہے گا۔

تنقید سے دلبرداشتہ مصباح نے تجویز دی کہ جس طرح ٹیم میں کھلاڑیوں کو منتخب کیا جاتاہے ویسے ہی میڈیا کے نمائندوں کو بھی منتخب کیا جانا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں مصباح کا کہنا تھاکہ اپنی کپتانی میں پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانا چاہتا تھا ایسا نہیں ہوسکا جس کا بے حد افسوس رہے گا، کئی ایسی سیریز جو جیتنی چاہئیں تھیں لیکن نہیں جیت سکے، ون ڈے رینکنگ بہتر نہ ہونے کا افسوس رہے گا۔

پروگرام میں مصباح نے اپنی کپتانی کے خوشگوار ترین لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہندوستان کو شکست اور جنوبی افریقا کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ میں فتح یادگار لمحات تھے۔

Read Comments