Dawn News Television

اپ ڈیٹ 11 اپريل 2016 05:38pm

دوستی کی مثال بن جانے والے 2 نوجوان

دوستی کو دنیا کا سب سے خوبصورت رشتہ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ دوست وہ ہوتے ہیں جو ہم خود منتخب کرتے ہیں اور چین میں ایک نوجوان نے اس کی ایسی مثال قائم کی ہے جو دیکھنے والوں کے دلوں کو پگھلا کر رکھ دیتی ہے۔

جی چین کے شمالی صوبے جیانگ سو کے شہر ژیوزاﺅ سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ ژائی ژو اور 19 سالہ زینگ چی بہترین دوست ہیں مگر فرق یہ ہے کہ ایک نوجوان معذور اور دوسرا صحت مند ہے۔

زینگ کو پٹھوں کے ایسے مرض کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں اس کے لیے چلنا یا اپنا جسمانی وزن کے ساتھ کھڑا ہونا بھی ناممکن ہوجاتا ہے۔

مگر اپنے معذور دوست کا ہر حال میں ساتھ نبھانے کا وعدہ کرنے والا ژائی ژو گزشتہ 3 برس سے اسے اپنی کمر پر لاد کر کالج لے جاتا ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہ رہ سکے۔

فوٹو بشکریہ shanghaiist.com

کالج کے عملے کے مطابق ان دونوں دوستوں کی کہانی متاثر کن اور دلوں کو چھو لینے والی ہے، یہ دونوں خاندان یا رشتے داروں سے محروم ہیں مگر ژائی نے اپنے معذور دوست کی تمام تر ذمہ داری سنبھال رکھی ہے، جس کی وجہ سے زینگ کبھی ایک کلاس سے بھی محروم نہیں ہوا۔

یہ دونوں کالج کے قریب ہی رہائش پذیر ہیں اور ہر صبح ژائی زینگ کو کمر پر اٹھا کر اسکول لے کر جاتا ہے اور پھر واپس لاتا ہے جبکہ وہ اس کے روزمرہ کے کام جیسے کھانا بنانا اور کپڑے دھونے وغیرہ بھی سرانجام دیتا ہے۔

سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ دونوں دوست اپنی کلاس کے سب سے اچھے طالبعلم مانے جاتے ہیں اور روشن مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔

Read Comments