Dawn News Television

شائع 26 اپريل 2015 07:12pm

بی سی سی آئی کے سابق سربراہ پر جاسوسی کا الزام

نئی دہلی: انڈیا کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق سربراہ این سری نواسن ایک اور تنازعہ کا شکار بننے جا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، انڈین پریمئر لیگ کی ٹیم چنائی سپر کنگز سے جڑے تنازعہ کے بعد نواسن کو بی سی سی آئی کے دوسرے ارکان کی جاسوسی کیلئے لندن کی ایک نجی ایجنسی کی خدمات حاصل کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، نواسن نے دوسرے ارکان کی مبینہ جاسوسی، فون ریکارڈنگ اور ای میلز پر نظر رکھنے کیلئے بورڈ کے چودہ کروڑ انڈین روپے خرچ کیے۔

امکان ہے کہ بورڈ نئے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کی سربراہی میں معاملے کی باضابطہ تحقیقات کرے گا۔

تحقیقات کے دوران یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ بورڈ کے سابق سربراہ نے مبینہ جاسوسی کیوں کی اور اس مقصد کیلئے انہوں نے کس کی اجازت سے بورڈ کی رقم خرچ کی۔

Read Comments