Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 مئ 2015 02:57pm

'فوجی قیادت پرالطاف حسین کے بیانات برداشت نہیں'

پاک فوج کے ترجمان نے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کے فوجی قیادت کے حوالے سے دیئے جانے والے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ کا فوج کے حوالے سے بیان بے ہودہ ہے اور اس طرح کے بیانات برداشت نہیں کیےجائیں گے۔

خیال رہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے پارٹی کے کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران پاک فوج کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: مظالم نہ روکےگئےتوملک کوناقابل تلافی نقصان ہوگا،الطاف حسین

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ فوج سےمتعلق الطاف حسین کابیان بےہودہ اورغیرضروری ہے اور اس طرح کے بیانات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے میجر جنرل نے کہا کہ عوام کےجذبات بھڑکانے کیلیے میڈیا کا سہارا لیا گیا ہے اور میڈیا پر پاکستانی عوامی کو ریاست کے خلاف اکسانے پر قانونی چارہ و جوئی کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور دیگر قانون نافز کرنے والے اداروں کی جانب سے سیاسی جماعتوں میں موجود مجرموں کی گرفتاری پراس طرح کارد عمل ناقابل برداشت ہے۔

عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والےادارے دہشت گردی کے خلاف اپنا ہدف پورا کریں گے۔

Read Comments