Dawn News Television

شائع 03 مئ 2015 08:02pm

سی وی کے لیے سب سے بہترین فونٹ

ملازمت کے حصول کے لیے لاکھوں کروڑوں افراد ایک سے دوسری کمپنی کو اپنی سی ویز ارسال کرتے ہیں تاہم کیا آپ کو پتا ہے کہ کونسا انگریزی فونٹ آپ کی شخصیت کے اس مختصر تعارف کو ملازمت دینے والوں کے لیے متاثر کن بنا سکتا ہے؟

مشکل سوال ہے ناں مگر ماہرین نے اس کا جواب دے دیا ہے اور وہ ہے Helvetica فونٹ۔

امریکی مالیاتی ویب سائٹ بلومبرگ نے ٹائپ نگاری کے ماہرین سے سوال کیا کہ کون سا فونٹ کسی فرد کے تعلیمی و تجربے کے کوائف یعنی سی وی کو زیادہ متاثر کن بناتا ہے جس کو دیکھ کر آجر متاثر ہوئے بغیر رہ ہی نہ سکے؟

تو ان کا جواب تھا کہ Helvetica فونٹ سب سے بہترین ہے جو دیکھنے میں پروفیشنل، ایمانداری اور زندہ دل شخصیت کا احساس دلاتا ہے اور اس کو استعمال کرنا محفوظ ہوتا ہے اور اسی وجہ سے ہم اس کو استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

اس سے ہٹ کر دوسرا اچھا آپشن Garamond ہے جو کسی فرد کے تجربہ کار ہونے کا تاثر دیتا ہے کیونکہ اس سے طویل تعارف بھی کسی ایک صفحے میں محدود کیا جاسکتا ہے اور اسے پڑھنا بھی آسان ہوتا ہے۔

تاہم ماہرین نے سی ویز کے لیے جس فونٹ کو سب سے بدتر قرار دیا وہ عام طور پر استعمال ہونے والا Times New Roman ہے۔

ان کے بقول اس برسوں پرانے فونٹ کا استعمال آپ کے مستقبل کے ممکنہ باس کے سامنے آپ کی شخصیت کا غلط تاثر بھیج سکتا ہے بلکہ یہ تو ایسا ہے کہ جیسے آپ کوئی گندے کپڑے پہن کر انٹرویو دینے کے لیے چلے جائیں۔

Read Comments