Dawn News Television

شائع 21 مئ 2015 11:05pm

کچھ راتوں کی کم نیند کرسکتی ہے بوڑھا

محض چند روز بھی 6 گھنٹے کی نیند لینا آپ کی پرکشش شخصیت کو جھریوں کی شکل میں بدصورتی کی جانب دھکیل سکتا ہے۔

یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

دی سلیپ اسکول کی تحقیق کے مطابق رات کو کم نیند کی عادت آپ کو قبل از وقت بوڑھا بنادینے کے لیے کافی ہے۔

اس تحقیق کے دوران 30 خواتین کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ محض 5 راتوں کو بھی 6 گھنٹے سونا جلد کی کشش کو چھیننے کے لیے کافی ہے جبکہ جھریوں کا خطرہ دوگنا بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر نیند کی کمی کا سلسلہ کچھ ہفتے تک برقار رہے تو اس کے اثرات بدترین ہوتے ہیں اور قبل از وقت بڑھاپے سمیت جلد پر مستقل دھبوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محقق ڈاکٹر گائے میڈوز کے مطابق نیند کا دورانیہ جسم کی مرمت اور جلد سے زہریلے اثرات کو باہر نکالنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سونے کا وقت کم ہوتا ہے تو جسم کی جلد پر پڑنے والے منفی اثرات پر قابو پانے کی صلاحیت بھی گھٹ جاتی ہے اور ایسا محض 5 راتوں کی ناکافی نیند سے بھی ہوجاتا ہے ، جبکہ یہ دورانیہ طویل ہونے کی صورت میں طویل المعیاد اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Read Comments