Dawn News Television

شائع 22 مئ 2015 08:39am

داعش کا شام کے تاریخی شہر پالمیرا پر قبضہ

دمشق: داعش نے صدر بشارالاسد کی فوج اور ان کے اتحادی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے بعد شام کے تاریخی شہر پالمیرا پر قبضہ حاصل کرلیا ہے۔

واقعے پر یونیسکو کا کہنا ہے کہ شام کے تاریخی شہر پالمیرا کی تباہی ’انسانیت کی بڑی تباہی ہوگی‘۔

شام کے 2000 سال قدیم تاریخی شہر پر داعش کے قبضے کے بعد آدھے شامی شہریوں نے شہر سے نکل مکانی کرلی ہے۔

یونیسکو کے چیف ایرینہ بوکوا نے کہا ہے کہ پالمیرا انسانی تہذہب کی جائے پیدائش ہے اور یہ تمام انسانوں سے تعلق رکھتا ہے اور سب کو اس کے حوالے سے فکر مند ہونا چاہئے۔

شام سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق پالمیرا پر داعش کے جنگجو شہر کے مختلف علاقوں میں مکمل طور پر پھیل گئے ہیں اور ان علاقوں میں شہر کے تاریخی مقامات بھی شامل ہیں۔

شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق شامی صدر کی حمایتی فوج کی جانب سے شہر چھوڑ کر جانے کے بعد داعش کے جنگجو بڑی تعداد میں شہر میں داخل ہوگئے۔

داعش نے ایک آن لائن بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے شہر پر سرکاری فوج سے مقابلے کے بعد قبضہ حاصل کیا ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پالمیراپر قبضے کیلئے داعش نے تیرہ مئی سے حملوں کا آغاز کیا تھا اور ایک ہفتے کی لڑائی کے بعد داعش نے شہر کے مرکزی اسپتال اور ہوائی اڈے کے علاوہ شمالی اور مغربی علاقوں پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ مشرقی حصے میں اب بھی پرتشدد جھڑپیں جاری ہیں۔

خیال رہے کہ شام سے تعلق رکھنے والی جنگجو تنظیم داعش اپنی شدت پسندانہ تعلیمات اور ملک میں تاریخی مقامات کو تباہ کرنے کے حوالے سے معروف ہیں۔

Read Comments