Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 مئ 2015 10:17pm

فتح کے ساتھ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال

لاہور: زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی پانچ وکٹ سے کامیابی کے ساتھ ہی ملک میں عالمی کرکٹ بھی بحال ہو گئی ہے۔

2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستانی ٹیم کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنی پڑیں۔

تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم میں زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

حکومت پاکستان نے میچ کے لئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسٹیڈیم اور اس کے اطراف نو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔

زمبابوین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 58 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر دونوں اوپنرز یکے بعد دیگرے سمیع کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ایک اوور بعد زمبابوے کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب چارلس کوونٹری امپائر احسن رضا کے غلط فیصلے کا شکار بن گئے۔

اس موقع پر کپتان ایلٹن چگمبرا نے شان ولیمز کے ساتھ ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن شان ولیمز شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے۔

ولیمز کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید زمبابوین ٹیم زیادہ اسکور نہ کر سکے لیکن چگمبرا نے شاندا نصف سنچری اسکور کر کے اسکور کو 172 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، چگمبرا نے 35 گیندوں پر 54 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع تین اور وہاب ریاض دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

جواب میں پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد اور مختار احمد نے ریکارڈ شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا خصوصاً مختار کا انداز خاصا جارحانہ تھا جس کی بدولت پاکستان کو پہلی وکٹ کیلئے 142 رنز کا شاندار آغاز ملا۔

دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ برابر کردیا جو کامران اکمل اور سلمان بٹ نے 2010 میں بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔

احمد شہزاد 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اگلے ہی اوور میں مختار بھی 83 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان باآسانی ہدف تک رسائی حاصل کر لے گا لیکن جلد ہی محمد حفیظ اور عمر اکمل پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوور میں شعیب ملک بھی وکٹ دے بیٹھے لیکن کپتان شاہد آفریدی نے چوکا لگا کر پاکستان کو یادگار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

مختار احمد کو شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار 24 مئی کو کھیلا جائے گا۔

Read Comments