Dawn News Television

شائع 26 مئ 2015 07:19pm

مرسی کی پھانسی پر تنقید، پاکستانی سفیر طلب

قاہرہ: مصر نے معزول صدر محمد مرسی کو موت کی سزا سنائے جانے پر اسلام آباد کی جانب سے تنقید پر پاکستانی سفیر کو طلب کرلیا ہے۔

مصر کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز کہا کہ مصر کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

مرسی اور ان کے 100 سے زائد ساتھیوں کو 16 مئی کو ایک عدالت کی جانب سے 2011 کی بغاوت میں کردار ادا کرنے پر موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

سزا کو امریکا، یورپی یونین، پاکستان سمیت متعدد ممالک نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے 19 مئی کو ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ انصاف کی فراہمی مساوات اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہونا چاہیے۔

مرسی کو اس کے آرمی چیف اور موجودہ صدر عبدالفتح السیسی نے جولائی 2013 میں صدارت کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

Read Comments