Dawn News Television

شائع 28 مئ 2015 10:19pm

دلیے کا استعمال ذیابیطس سے بچاؤ میں مددگار

ناشتے میں دلیے کا استعمال ذیابیطس کے شکار ہونے کا خطرہ کافی حد تک کم کردیتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دلیے میں شامل فائبر ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرے کو کم کردیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن بھر میں 26 گرام فائبر کا استعمال ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ 18 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ فائبر ایک ایسا جز ہے جو لوگوں کو صحت مند وزن برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اس طرح ذیابیطس کے شکار ہونے کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے اور اس کے لیے ناشتے میں دلیے کا انتخاب بہترین ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن بھر میں 10 گرام فائبر کا استعمال بھی ذیابیطس کے خطرے کو 9 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

محقق ڈاگفن ایونے کے مطابق تحقیق کے نتائج سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ جن افراد کی غذا میں دلیہ شامل ہوتا ہے ان میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ درست طور پر بتانا تو ممکن نہیں کہ اس کی وجہ کیا ہے تاہم ممکنہ طور پر دلیے کے استعمال سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے جس سے جسمانی وزن صحت مند رہتا ہے اور ذیابیطس کا خطرہ خودکار طور پر کم ہوجاتا ہے۔

Read Comments