Dawn News Television

شائع 01 جون 2015 10:28pm

'میاں افتخار کیخلاف مقدمہ مظاہرین کے مطالبے پر درج کیا'

پشاور: آئی جی خیبر پختونخوا ناصر خان درانی کا کہنا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما میاں افتخار کیخلاف مقدمہ مشتعل مظاہرین کے مطالبے پر درج کیا گیا۔

ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا نے میاں افتخار کی گرفتاری کو حالات کے مطابق قرار دیدیا۔

ناصر درانی نے بتایا کہ مظاہرین مشتعل تھے، میاں افتخار کو وہاں سے نکالنا تھا تاہم ان کا کیس علی امین گنڈا پور سے الگ ہے ۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کارکن کا قتل، میاں افتخار گرفتار

بلدیاتی انتخابات کے دوران بدنظمی کے واقعات پر آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ انہیں تیاری کیلئے بہت کم وقت ملا، دہشتگردوں کی جانب سے دھمکیاں بھی تھیں لیکن کوئی واقعہ نہ ہونا بھی پولیس کی کامیابی ہے۔

ناصر درانی نے کہا کہ پولیس پولنگ اسٹیشنز کے اندر اس وقت تک نہیں جاتی جب تک بلایا نہ جائے اور جہاں بھی پولیس کو بلایا گیا وہ پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی بلدیاتی الیکشن، فائرنگ سے چھ ہلاکتیں

آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ اشتعال انگیزی کےواقعات کوروکنے کیلئے جلسے جلوسوں پرسات روز کی پابندی لگائی ہے تاہم اگر کوئی تقریب ہوتی ہے تو اس کی پیشگی اجازت لینی ہوگی تاکہ سیکیورٹی فراہم کی جاسکے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بلدیاتی انتخابات کے دوران نوشہرہ میں تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے میں فائرنگ سے پی ٹی آئی کا کارکن حبیب اللہ ہلاک ہوگیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکن کے قتل کے الزام میں رہنما میاں افتخار حسین کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Read Comments