Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 جون 2015 11:40pm

رمضان المبارک کا پہلا روزہ جمعہ کو ہوگا

کراچی: پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ہے جس کے بعد پہلا روزہ جمعہ کو ہوگا۔

کراچی میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چئیرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی میں شامل علمائے دین سمیت محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔

ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر نہ آنے کی شہادت ملنے کے بعد پریس کانفرنس میں چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلا روزہ (یکم رمضان المبارک 1436 ہجری) جمعہ 19 جون کو ہوگا۔

خیبرپختونخوا میں غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا کل روزے کا اعلان

دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی صدارت میں مقامی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات 18 جون کو پہلا روزہ ہوگا۔

یوں ہر سال کی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں اور فاٹا کے مختلف حصوں میں اس سال بھی ملک کے دیگر حصوں سے ہٹ کر پہلے روزہ رکھنے کی روایت اس سال بھی برقرار رہی۔

سرکاری اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں کے درمیا ن شدید اختلافات نئی بات نہیں، یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے، اور دونوں کمیٹیوں کی جانب سے ایک دوسرے کی شہادتوں کو تسلیم کرنے سے انکار کیا جاتا رہا ہے۔

یوں تو صوبہ سرحد میں چارسدہ، مردان اور جنوبی اضلاع میں مقامی طورپر رویت ہلال کی بہت سی کمیٹیاں قائم ہیں جو ہر سال اپنے طور پر فیصلے کرتی رہی ہیں۔ تاہم ان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی کمیٹی کو سب سے زیادہ بااثر خیال کیا جاتا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے تقریباً 70 سے 80 فیصد لوگ مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی رمضان کا آغاز کرتے ہیں اور عید الفطر مناتے ہیں۔ اس کمیٹی کا صوبہ کے دیگر اضلاع کی کمیٹیوں کے ساتھ بھی رابطے قائم ہے۔

Read Comments