Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 جون 2015 10:14am

روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلئے اجمل میدان میں

کراچی: پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل آج کل پوری توجہ سے انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں تو مصروف ہیں ہی، لیکن ساتھ ہی وہ میانمار سے دربدر ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے فنڈز اکھٹے کرنے کے حوالے سےبھی اپنی پوری کوششیں کر رہے ہیں۔

ہفتے کوبرطانیہ کے شہر مانچسٹر میں روہنگیا مسلمانوں کے لیے ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ منعقد کیا گیا، جہاں 37 سالہ سعید اجمل کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا،جو آج کل ووسٹر شائر کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔

مذکورہ تقریب میں موجود پاک پیشن (PakPassion) نامی کرکٹ پورٹل کے ایڈیٹر ساج صادق نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا:" سعید اجمل کے تعاون اور کوششوں سے روہنگیا مسلمانون کے چیریٹی ایونٹ کے دوران 30 ہزار برطانوی پاؤنڈز اکھٹے کیے گئے"۔

میانمار میں بدھ مت کے پیروکاروں کے ظلم کا شکار 9 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان، اپنا گھر بار، مال و اسباب چھوڑ کر ہجرت پر مجبور ہوئے۔

مزید :میانمار کے مسلمان بچے کہاں جائیں؟

یہ دربدر روہنگیا مسلمان کشتیوں میں سوار ہو کر میانمار سے نکلے اور انھوں نے مختلف ممالک میں عارضی کیمپوں میں پناہ لی، جہاں انھیں زندگی کی بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے سخت تگ و دو کرنی پڑرہی ہے۔

Read Comments