Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 جولائ 2015 11:00am

وزیراعظم کے دورہ کراچی سے متحدہ مایوس

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کراچی کو "مایوس کن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابلِ مذمت ہے کہ وزیراعظم نے شہر کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں "عدم دلچسپی" کا اظہار کیا۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "اس بات کی امید کی جارہی تھی کہ وزیراعظم کراچی کے عوام کو لوڈ شیڈنگ اور پانی کے بحران سے بچانے کے لیے کچھ حقیقی ریلیف اقدامات کا اعلان کریں گے، لیکن انھوں نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا"۔

بیان میں کہا گیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کی عیادت کے لیے کسی ہسپتال کا دورہ کرنے کی بھی زحمت نہیں کی۔

رابطہ کمیٹی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "ملک کے ریوینیو کا 70 فیصد پیدا کرنے والے شہر کے لیے سندھ اور وفاقی حکومت کا رویہ ناصرف قابل مذمت بلکہ امتیازی ہے"۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ "اس سے کراچی کے عوام میں پایا جانے والا محرومی کا احساس مزید بڑھ گیا ہے"۔

مزید پڑھیں:گرین لائن اور کے فور وزیراعظم کی توجہ کا مرکز

یاد رہے کہ گزشتہ روز یعنی بدھ کو وزیراعظم نواز شریف اپنے مختصر دورے پر کراچی پہنچے تھے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں "گرین لائن بس سروس" اور "کے فور" واٹر پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ کراچی میں شید گرمی سے ہونے والی ہلاکتوں کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے تاہم کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر کوئی بات نہیں کی گئی۔

Read Comments