Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 جولائ 2015 10:32am

پالے کیلے ٹیسٹ،سری لنکا 278رنز پر آؤٹ

پالے کیلے:پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی ٹیم صرف 6 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہو گئی۔

پہلے روز کے اختتام پر سری لنکن ٹیم نے 272 رنز بنائے تھے، جبکہ اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5 وکٹیں، راحت علی نے 3 اور اظہر علی نے 2 وکٹیں لیں۔

قبل ازیں سری لنکا نے دمتھ کرونا رتنے کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن آٹھ وکٹ کے نقصان پر 272 رنز بنائے تھے۔

پالے کیلے میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں کپتان مصباح الحق نے گزشتہ روز کی بارش کے باعث پچ پر نمی کو دیکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے میچ کیلیے ٹیم میں چار تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر جنید خان، وہاب ریاض، اسپنر ذوالفقار بابر اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کی جگہ راحت علی، عمران خان، احسان عادل اور شان مسعود کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

پاکستان کو پہلی پہلی کامیابی پانچویں اوور میں اس وقت ملی جب راحت علی کی گیند ہر کوشل سلوا نو رنز بنانے کے بعد سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

اس موقع پر کمار سنگاکارا کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے اپل تھارنگا میدان میں اترے اور انہوں نے کرونارتنے کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے شاندار ساجھے داری قائم کر کے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔

سری لنکا کو دوسرا نقصان 106 کے اسکور پر تھارنگا کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 46 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی وکٹ بنے۔

یاسر شاہ نے اپنی فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو لہیرو تھری مانے اور حریف کپتان اینجلو میتھیوز کی بھی اہم وکٹیں دلائیں تو سری لنکا 137 رنز پر چار وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھا۔

اس موقع پر آٹھ سال بعد ٹیم میں آنے والے جیہان مبارک کی میدان میں آمد ہوئی جنہوں نے دوسرے اینڈ سے شاندار بیٹنگ کر رہے کرونارتنے کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس دوران اسکور 200 تک پہنچا تو دوسرے اینڈ پر موجود کرونارتنے نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کر لی۔

اسکور 204 تک پہنچا تو یاسر شاہ نے ایک بار پھر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کراتے ہوئے مبارک کو پویلین رخصت کر دیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 25 رنز بنائے۔

کرونارتنے کو کریز پر چندیمل نے جوائن کیا تو ایک بار پھر اسکور بڑھنے کا سلسلہ شروع ہو گیا لیکن 248 کے اسکور پر سری لنکا کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب کرونارتنے پارٹ ٹائم باؤلر اظہر علی کو آگے نکل کر کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے۔

اگلی ہی گیند پر اظہر نے دھمیکا پرساد کی وکٹ لے کر سری لنکن صفوں میں کھبلی مچا دی۔

تھوڑی ہی دیر میں کپتان مصباح الحق نے نئی گیند لی جس پر راحت علی نے پاکستان کو کامیابی سے دلاتے ہوئے دنیش چندیمل کی اہم وکٹ حاصل کی۔

جب کم روشنی کے سبب پہلے دن کا کھیل چار اوورز قبل ختم کیا گیا تو سری لنکا نے آٹھ وکٹ پر 272 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ اظہر علی اور راحت علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

Read Comments