Dawn News Television

اپ ڈیٹ 07 جولائ 2015 02:41pm

پالے کیلے میں پاکستان کی تاریخی کامیابی

پالے کیلے: شان مسعود اور یونس خان کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کرکے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستان نے اپنی کرکٹ تاریخ میں پہلی مرتبہ 350 رنز سے زائد کا ہدف حاصل کرکے کوئی ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔

پانچویں روز جب کھیل کا آغاز پاکستان نے 230 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا تاہم پہلے ہی سیشن میں شان مسعود 125 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔

شام مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق بیٹنگ کے لیے آئے جنہوں نے یونس خان کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرکے پاکستان کو میچ میں فتح دلوا دی۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان شان مسعود نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی جبکہ یونس خان نے 30ویں سنچری اسکور کی۔

اس سے قبل میچ کے چوتھے دن سری لنکن ٹیم 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پہلی اننگ میں 64 رنز کی برتری کے سبب سری لنکا نے پاکستان کو میچ میں جیت کیلئے 377 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے عمران خان پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ یاسر شاہ اور راحت علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 13 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے احمد شہزاد اور اظہر علی اپنی وکٹیں گنوا چکے تھے۔

اس موقع پر تجربہ کار یونس خان اور شان مسعود کریز پر یکجا ہوئے اور اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

Read Comments