Dawn News Television

شائع 06 جولائ 2015 11:01pm

سلمان خان اور جان ابراہام مد مقابل؟

بولی وڈ کے دو کامیاب اداکار سلمان خان اور جان ابراہام اپنی فلموں کی ریلیز کی وجہ سے ایک دوسرے کے مد مقابل آگئے ہیں۔

اداکار جان ابراہام کی فلم 'ویلکم بیک' 4 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی جس کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز ایک ایونٹ کے دوران کیا تھا، البتہ اداکار سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم 'ہیرو' کو بھی اسی دن ریلیز کیا جارہا ہے جس کا اعلان حال ہی میں سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

سلمان خان نے ٹوئٹر پر اس فلم کی ریلیز پر 'سب کو پیچھے ہٹ جانے' کا کہا جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ جان ابراہام کو ان کی فلم کی تاریخ بدلنے کا اشارہ کر رہے ہیں البتہ حال ہی میں فلم ویلکم بیک کے ٹریلیر ریلیز پر فلم کے پروڈیوسر فروز نڈیہ والا کا کہنا تھا کہ اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کسی حال میں تندیل نہیں کی جائے گی اور فلم 4 ستمبر کو ہی ریلیز ہوگی۔

سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم 'ہیرو' میں دو نئے اداکار سورج پنچھولی اور عطیہ شیٹھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے دوسری جانب فلم 'ویلکم بیک' میں جان ابراہام کے ساتھ اداکارہ شروتی حسن، نانا پاٹیکر، انیل کپور، اور پریش راول اہم کردار ادا کریں گے۔

حیرانگی کی بات تو یہ ہے کہ ان دونوں فلموں کی ریلیز ایروزeros انٹرنیشنل کی جانب سے کی جائے گی، اب دیکھنا یہ ہے کہ دونوں فلموں میں سے باکس آفس پر کس کی فلم زیادہ کامیاب ہوتی ہے۔

Read Comments