Dawn News Television

شائع 07 جولائ 2015 02:43pm

ہندوستان: پولیس نے مبینہ طور پر خاتون کو آگ لگادی

ہندوستانی ریاست اتر پردیش میں ایک خاتون کو رشوت نہ دینے پر پولیس اسٹیشن کے اندر مبینہ طور پر آگ لگا دی گئی، جو بعد ازاں انتقال کرگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے سینیئر پولیس آفیشل عبدالحکیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ پیر کو بارا بانکی ٹاؤن میں پیش آیا۔

40 سالہ نیتو دیویدی اپنے شوہر کو چھڑوانے کے لیے پولیس اسٹیشن گئیں تھیں جو ایک جرم کی تفتیش کی غرض سے پولیس کی حراست میں ہے۔

وفات سے قبل مذکورہ خاتون نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ان سے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی اور جب انھوں نے رشوت دینے سے انکار کیا توان پر مبینہ طور تشدد کیا گیا اور بعد ازاں آگ لگا دی گئی۔

دیویدی کے جسم کا 80 فیصد حصہ جھلس گیا جس کے بعد وہ ہلاک ہوگئیں۔

تاہم پولیس اہلکاروں نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ خاتون نے اپنے آپ کو خود آگ لگائی۔

واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا جبکہ اتر پردیش کے چیف منسٹر آخلیش یادیو نے اس حوالے سے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ہلاک ہونے والی خاتون کے بیٹے، جو پیشے کے اعتبار سے ایک صحافی ہیں، نے بتایا کہ "ان کی والدہ کی روح کو تب ہی سکون ملے گا جب ملزمان کوسزا ملے گی"۔

Read Comments