Dawn News Television

شائع 07 جولائ 2015 11:05pm

انگلینڈ کی مقامی لیگ میں گیند لگنے سے کرکٹر ہلاک

انگلینڈ کی کاؤنٹی سرے میں کھیلے گئے مقامی لیگ کے میچ میں سری لنکن کرکٹر سینے پر گیند لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

24 سالہ باولان پتھ ماناتھن سرے کاؤنٹی کے مانی لانگ ڈٹن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے برٹش تامل لیگ کے میچ میں پے پیرش اسپورٹس کلب کی نمائندگی کر رہے تھے۔جیسے ہی گیند لگنے کے بعد وہ زمین پر گرے، فوری طور پر ایئر ایمبولینس کو میدان میں بلا لیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلین کرکٹر سڈنی میں جاری ڈومیسٹک میچ کے دوران گردن کے قریب گیند لگنے کے باعث زخمی ہو کر کوما میں چلے گئے تھے اور اس کے دو دن بعد ان موت واقع ہو گئی تھی۔

باولان کے ساتھ کریز پر بیٹنگ کیلئے موجود کھلاڑی نے کولمبو مرر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب گیند ان کے سینے پر لگی تو میں نے دوسرے اینڈ سے انہیں مخاطب کر کے خیریت دریافت کی جس پر انہوں نے سینا سہلاتے ہوئے انگوٹھے سے طبیعت ٹھیک ہونے کا اشارہ کیا۔

لیکن اس کے بعد وہ قدم پیچھے ہٹے اور زمین پر آ گرے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک انتہائی باصلاحیت کرکٹر اور ہم سب کے دوست تھے۔ ان کی موت کے بعد ہم سب انتہائی کرب سے گزر رہے ہیں۔

مانی پے پیرش اسپورٹس کلب نے اپنے فیس بک پیج پر باولان کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس نوجوان عمر میں ان کی موت پر انتہائی صدمے سے دوچار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن(فیکا) نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ گیند سے کرکٹرز کو سنگین انجری کے اتنے ہی زیادہ خطرات لاحق ہیں جتنا کسی عام آدمی کو دہشت گردی، ذہنی بیماری یا آسمانی بجلی گرنے سے خطرہ ہے۔

Read Comments