Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2015 12:13pm

رینجرز کے لاء افسر اپنے عہدے سے مستعفیٰ

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ کے ایک لاء افسر نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ داخلہ کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر غلام شبیر بابر اُن 9 لاء افسران میں شامل ہیں، جن کی خدمات رینجرز کے لیے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران انسداد دہشت گردی عدالتوں کے سامنے مقدمات کی سماعت کی غرض سے ایک معاہدے کی بنیاد پر حاصل کی گئی تھیں۔

غلام شبیر بابر، جو گزشتہ 22 ماہ سے رینجرز کے ساتھ وابستہ ہیں، نے بتایا کہ انھوں نے "ذاتی وجوہات" کے عذر کے ساتھ صوبائی محکمہ داخلہ کواپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔

اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہ وہ کسی دباؤ یا سیکیورٹی خدشات کے باعث مستعفیٰ ہورہے ہیں، سینیئر وکیل کا کہنا تھا کہ وہ اب رینجرز کے لیے وکالت نہیں کرنا چاہتے کیوں کہ وہ اپنی پرائیویٹ پریکٹس دوبارہ سے شروع کرنے جارہے ہیں۔

تاہم مذکورہ وکیل کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ متعدد بار سیکیورٹی کے حوالے سے درخواستیں دے چکے ہیں، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے پراسیکیوٹرز کی تنخواہیں بھی غیر معمولی تاخیر سے جاری کی جاتی ہیں، جبکہ کراچی میں جاری آپریشن کے بعد ان پر مقدمات کا بوجھ بھی کافی بڑھ گیا تھا۔

Read Comments