Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2015 08:21pm

انڈین کامیڈین کی 'بن روئے' پر سخت تنقید

پاکستانی فلم 'بن روئے' کے ٹریلر ریلیز کے بعد ہی شائقین کو اس بات کا یقین ہوگیا تھا کہ یہ فلم باکس آفس پر کامیابی حاصل کرے گی مگر ہندوستانی کامیڈین کمال آر خان نے فلم کی کاسٹنگ، اداکاری اور ایڈیٹنگ پرسخت تنقید کی۔

کامیڈین نے حال ہی میں ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شئیر کی جس میں انہوں نے فلم کا جائزہ پیش کیا۔

کمال آر خان کا فلم کے اہم اداکار ہمایوں سعید پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمایوں سعید دونوں اداکارہ ارمینہ اور ماہرہ کے والد یا چچا کے طور پر اداکاری کر سکتے تھے کیوں کہ وہ دونوں اداکاراوں سے بڑے نظر آرہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید کی جگہ فلم میں علی ظفر یا فواد خان کو اداکاری کے فرائض انجام دینے چاہیے تھے۔

شاید کمال بولی وڈ کے اداکار شاہ رخ اور سلمان خان کو بھول گئے جو آج بھی اپنی عمر سے کافی چھوٹی اداکاراؤں کے ساتھ اداکاری کر رہے ہیں۔

کمال نے فلم کی ہدایت کار مومنہ درید پر بھی کافی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مومنہ کو ہدایت کاری کا اچھا تجربہ نہیں جس کے باعث فلم کے کافی مناظر صحیح طرح فلمائے نہیں گئے۔

فلم کی مرکزی اداکارہ ماہرہ خان کے بارے میں کمال کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان مین لیڈ اداکارہ کے بجائے کوئی معمولی سا کردار ادا کرتی کیوں کہ ان میں مین لیڈ کرنے جیسی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہرہ خان شاہ رخ خان کی فلم رائیس میں اداکاری کرنے کے لیے اہل نہیں۔

کمال کا کہنا تھا کہ فلم مکمل طور پر دبئی میں شوٹ کی گئی جو کہ مکمل طور پر غلط ہے۔

مگر حقیقت تو یہ ہے کہ ہم ٹی وی فلمز کی اس فلم کی شوٹنگ دبئی سمیت امریکہ اور پاکستان میں بھی کی گئی۔

مگر انڈین کامیڈین کے مطابق فلم کے مکالمے، کلائمیکس، میوزک اور سکرین پلے ٹھیک ٹھاک ہیں۔

` `

Read Comments