Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2015 11:13am

بلوچستان: زکریوں کے روحانی پیشوا اغوا

گوادر: زکری برادری کے روحانی پیشوا سید ظفر نوری کو بلوچستان کے شہر پسنی سے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔

ظفر نوری بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی سیدعیسیٰ نوری کے بھتیجے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مسلح افراد پسنی کے علاقے میں کوسٹل ٹاؤن میں قائم ان کے گھر میں داخل ہوئے اور انھیں اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس نے ظفر نوری کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک معلوم نہیں کیا جاسکا ہے کہ ان کے اغوا میں کون ملوث ہے۔

ظفر نوری کے اغوا کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروہ نے قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی ان کے خاندان سے تاوان کے لئے رابطہ کیا گیا ہے۔

Read Comments