Dawn News Television

شائع 29 جولائ 2015 02:24pm

کورڈلیس فون کے استعمال اور فروخت پر پابندی عائد

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں کورڈلیس (بغیرتار والے ) فون کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پی ٹی اے نے ان ٹیلی فون سیٹس کی فروخت کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی ای سی ٹی 6.0 کورڈ لیس فون اسی فریکوئنسی پر چلتے ہیں جو کہ تھری جی سروس کو متاثر کرتی ہیں۔

یورپ، جنوبی افریقا، ہانگ کانگ اور جاپان میں بننے والے بغیر تار والے یعنی کورڈلیس فون 1800 میگا ہرٹز کی فریکوئنسی پر چلتے ہیں جس پر تھری جی سروس فراہم کی جاتی ہے۔

ایک ہی فریکوئنسی کی وجہ سے ایسے علاقے جہاں ان بغیر تار کے ٹیلی فونز کا استعمال کیا جاتا ہے، وہاں تھری جی سروس متاثر رہتی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق اس کے انفورسمنٹ ڈویژن اور زونز نے کراچی، لاہور، مظفرآباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے، (ایف آئی اے)، پولیس، چیمبر آف کامرس ، ٹریڈ یونینز اور ٹیلی کام مصنوعات کے درآمدکنندگان اور فروخت کنندگان کے ساتھ کئی ملاقاتیں کی جن میں ڈی ای سی ٹی 6.0 کورڈ لیس فونز کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مدد طلب کی گئی۔

پی ٹی اے نے ایک بیان میں غیرقانونی ڈی ای سی ٹی 6.0 کورڈ لیس فونز کے درآمد و فروخت کنندگان اور صارفین کو اس غیرقانونی اقدام سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ اسی صورت میں ان کے خلاف ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Read Comments