Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2015 03:14pm

اسلام آباد:غیرقانونی افغان بستی مسمار کرنے کی کوشش

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر قانونی افغان بستی مسمار کرنے پر مکینوں نے شدید احتجاج کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی افغان کچی بستی کے خلاف کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے آپریشن کاآغاز کیا ہے۔

سی ڈی اے نے بھاری مشینری سے غیر قانونی تعمیراتی کو گرانے کا عمل شروع کیا تو مقامی افراد کی جانب سے شدید رد عمل دکھایا گیا۔

مشتعل افراد کے پتھراؤ پر پولیس نے بھی لاٹھی چارج اور شیلنگ کا بھرپور استعمال کیا۔

گھر ٹوٹنے پر خواتین چھتوں پر بیٹھ گئیں تو اہلکاروں نے نیچے اتار دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جھڑپ میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون میں کچی بستیوں کے خلاف آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔

خواتین گھروں کی چھتوں سے پولیس اہلکاروں پر پتھر برساتی رہیں۔

گھر کو ٹوٹتے دیکھ کر ایک خاتون قرآن پاک اٹھائے چھت پر چڑھ گئیں اور آپریشن روکنے کے ساتھ گھر نہ گرانے کی دہائیاں دیتی رہی لیکن پولیس نے ان خاتون کو گھر کی چھت سے اتار کر بلڈوزر سے اسے مسمار کر دیا جبکہ احتجاج کرنے والی خاتون کو پولیس ساتھ لےگئی۔

سی ڈی اے کے ترجمان رمضان خالد نے بتایا کہ غیر قانونی کچی بستیوں کے رہائشیوں کے دو بار نوٹسسز بھجوائے، بستیاں خالی نہ کرنے پر ایکشن لینا پڑا۔

رمضان خالد کا کہنا تھا کہ آئی-الیون سیکٹر 1985 میں قائم کیا گیا تھا مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہاں قبضہ ہوتا گیا.

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے کہ غیر قانونی تعمیرات ختم کی جائیں.

Read Comments