Dawn News Television

شائع 31 جولائ 2015 07:14pm

'پہلے سیلاب زدگان کی مدد کریں پھر رپورٹ'

اسلام آباد : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تمام متعلقہ انتطامیہ کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں بچاﺅ اور امداد کی کوششیں جاری رکھیں اور 'اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائے'۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے جاری ٹوئیٹس کے مطابق جنرل راحیل شریف نے یہ اعلان بھی کیا کہ پاک فوج کی جانب سے ایک دن کا راشن سیلاب سے متاثرہ افراد کو عطیہ کیا جائے گا۔

جنرل راحیل شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں فوج کی ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان سرگرمیوں میں شامل تمام افراد کو ہدایت کی کہ وہ پہلے اقدام اور پھر رپورٹ کریں۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے تمام فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی تھی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی ہر ممکن معاونت کریں۔

پاک فوج چترال اور ملک کے دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔

پنجاب کے سو سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ دریائے سندھ سے ملحق دو سو دیہات کو خالی کرالیا گیا ہے۔

Read Comments