Dawn News Television

شائع 31 جولائ 2015 11:08pm

پاکستان میں تنازعات کا شکار بننے والی بولی وڈ فلمیں

پاکستان میں تنازعات کا شکار بننے والی بولی وڈ فلمیں


ہندوستانی فلمیں پاکستان میں بہت شوق سے دیکھی جاتی ہیں تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بولی وڈ فلموں کی کافی کمائی پاکستان سے ہی ہوجاتی ہوگی۔

بولی وڈ اداکار اپنی فلموں کے باعث جتنا ہندوستان میں مشہور ہیں اتنا ہی پاکستان میں بھی مشہور ہوں گے۔

پاکستان میں بولی وڈ اداکاروں کے متعدد پرستار موجود ہیں اور بولی وڈ کی فلمیں بڑے شوق سے دیکھتے ہیں البتہ پاکستان میں بولی وڈ کی کئی فلمیں تنازعات کا شکار بن چکی ہیں۔

حال ہی میں ریلیز بولی وڈ فلم بجرنگی بھائی جان کافی مشکل سے پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی گئی جبکہ فلم بنگستان پر پاکستان سنسر بورڈ کی جانب سے پابندی لگادی گئی۔

پاکستانی سنسر بورڈ کی جانب سے بولی وڈ کی متعد فلموں کی نمائش پر پابندی لگائی گئی ہے جن میں سے کچھ کی فہرست ہم نے یہاں ترتیب دی ہے۔

حیدر

شاہد کپور کی اس فلم کو ہندوستان میں بے حد پسند کیا گیا البتہ اس کی کہانی کشمیر کے گرد گھومنے کے باعث اس فلم کو پاکستان میں تنازعات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی سنسر بورڈ نے اس فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگائی جس کی وجہ فلم میں کشمیر اور پاکستان کی غلط شکل کو پیش کرنا تھی۔

ایک تھا ٹائیگر

بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم ایک تھا ٹائیگر پر فوری طور پر پاکستان میں پابندی لگادی گئی۔ اس فلم میں سلمان خان را ایجنٹ جبکہ کترینہ کیف پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی کی ایجنٹ بنی تھیں جس کی وجہ سے یہ فلم تنازع کا شکار ہوئی۔ پاکستانی سنسر بورڈ کے مطابق اس فلم میں پاکستان کی ایجنسی کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور کسی قسم کے مسئلے سے بچنے کے لیے اس پر پابندی لگادی گئی۔

چنائے ایکسپریس

شاہ رخ اور دپیکا پڈوکون کی فلم چنائے ایکسپریس میں ایسا کچھ نہیں تھا جس کی وجہ سے فلم کی نمائش پر پابندی لگائی جائے لیکن اس کے باوجود فلم کو تنازعات کا سامنا کرنا پڑا۔ عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی اس فلم کی نمائش پاکستان میں صرف اس وجہ سے روکی کیوں کہ اس دوران پاکستانی سنیما کی متعدد فلمیں ریلیز ہورہی تھیں جس میں وار، میں ہوں شاہد آفریدی اور جوش شامل ہیں۔ اس دوران پاکستانی سنسر بورڈ نے پاکستانی فلموں کو اہمیت دینا زیادہ ضروری سمجھا جس کے باعث اس فلم کو بعد میں ریلیز کیا گیا۔

لاہور

بولی وڈ کی اس فلم پر بھی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگائی گئی جس کی وجہ اس فلم میں شامل کچھ مناظر اور جملے تھے۔ اس فلم کی کہانی باکسنگ کے کھیل پر بنائی گئی تھی جس کی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان کو ایک ہوتا دکھایا گیا تھا۔

تیرے بن لادن

بولی وڈ کی اس کامیڈی فلم میں پاکستان گلوکار علی ظفر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ ہندوستان میں تو اس فلم کی کافی تعریف ہوئی البتہ پاکستانی سنسر بورڈ نے اس فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگادی جس کی وجہ پاکستان میں دہشت گردی روکنا بتایا گیا۔

کھلاڑی 786

اکشے کمار کی فلم کھلاڑی 786 کو بھی پاکستان میں تنازعات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستانی سنسر بورڈ کے مطابق اس فلم کے نام کی وجہ سے بہت سے مسلمان کی دل آزاری ہوسکتی ہے جس کے باعث اس پر پابندی لگی البتہ بعد میں اس فلم کا نام تبدیل کرکے ہاکستان میں نمائش کی اجازت دی گئی۔

رانجھنا

2013 میں ریلیز ہوئی اس فلم کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی جس کی وجہ اس فلم میں ایک مسلمان لڑکی کا ہندو لڑکے سے پیار کرنا تھا۔ پاکستانی سنسر بورڈ کے مطابق اس فلم کی وجہ سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوسکتی ہے جس کے باعث اس فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگادی گئی۔

ایجنٹ ونود

اس فلم پر پہلے دن سے ہی پاکستان میں پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا جس کی وجہ اس فلم میں آئی ایس آئی کو غلط انداز میں پیش کرنا تھا۔ کرینہ کپور اور سیف علی خان کی اس فلم پر پاکستان میں سنسر بورڈ کی جانب سے پابندی لگائی گئی جس کے بعد اس فلم کو پاکستان میں نہیں دکھایا گیا۔

بےبی

اکشے کمار کی اس فلم کو پاکستان میں تنازعات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد اس فلم پر پاکستان میں نمائش پر پابندی بھی عائد کردی گئی۔ پاکستانی سنسر بورڈ کے مطابق اس فلم میں مسلمانوں کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے اور کچھ دہشت گردوں کا نام بھی مسلم ناموں پر رکھا گیا۔

دی ڈرٹی پکچر

ودیا بالن اور نصیرالدین شاہ کی فلم دی ڈرٹی پکچر بھی پاکستان میں تنازع کا شکار ہوئی۔ فلم میں دکھائے گئے بولڈ مناظر اور اس کا بے باک موضوع تنازع کی وجہ بنا۔ اس فلم کی وجہ سے ودیا کو بولی وڈ میں متعدد ایوارڈز نے نوازا گیا البتہ بعد میں اس فلم کو پاکستان میں پیش کردیا گیا لیکن اس کے کچھ مناظر فلم سے نکالنے پڑے۔

Read Comments