Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 اگست 2015 02:37pm

3کروڑکی کرپشن: پی پی رہنما قاسم ضیاء گرفتار

لاہور: نیشنل اکاؤنٹی بیلیٹی بیورو (نیب) پنجاب نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قاسم ضیا کو بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کرلیا۔

نیب ذرائع کے مطابق قاسم ضیا علی سلمان سیکیورٹی کمپنی کے ڈائریکٹر ہیں جبکہ یہ کمپنی 70 کروڑ روپے سے زائد کی ڈفالٹر ہے.

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ قاسم ضیاء پر الزام ہے کہ وہ 3 کروڑ 77 لاکھ روپے کی بدعنوانی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

کمپنی کے ایک اور ڈائریکٹر عثمان سعید کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کا 14 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا جبکہ دیگر7 سے 8 ڈائریکٹرز کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں.

پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کو گزشتہ شب حراست میں لیا گیا تھا۔

نیب عدالت میں قاسم ضیا کو پیش کرکے 14 روزہ ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا۔

قاسم ضیاء اور کمپنی کے دوسرے ڈائریکٹر عثمان سعید کو لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ انویسٹی گیشن سیل منتقل کیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی.

ڈان نیوز کے مطابق کرپشن کے الزامات میں نیب کی جانب سے متعدد بار قاسم ضیاء سے رابطہ کرکے تفتیش کی کوشش کی گی مگر ان کی جانب سے عدم تعاون کے بعد گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا.

خیال رہے کہ قاسم ضیاء پیپلز پارٹی کے رہنما ہیں جبکہ وہ پنجاب اسمبلی میں 2002 سے 2007 کے دوران اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں.

وہ 2008 میں بھی رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور 2013 تک پنجاب اسمبلی کے رکن رہے..

یاد رہے کہ قاسم ضیا ماضی میں 1981 سے 1987 تک قومی ہاکی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں، 1984 میں امریکا میں لاس اینجلس اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھا۔

خیال رہے کہ قسم ضیا کو اکتوبر 2008 میں پیپلز پارٹی کے دورے حکومت میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

Read Comments