Dawn News Television

شائع 08 اگست 2015 10:52pm

قصور: 'بچوں سے ریپ کی رپورٹس بے بنیاد'

قصور: حکومت پنجاب کی جانب سے قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی جسے قصور میں بااثر افراد کی جانب سے بچوں کے ساتھ ریپ کی تحقیقات کا معاملہ سونپا گیا تھا، نے اپنی رپورٹ میں بچوں کے ساتھ زیادتی کی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔

ڈان نیوز سے گفتگو میں پنجاب کے سینئر وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قصور میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کا کوئی معاملہ رپورٹ نہیں ہوا جبکہ قصور میں دو گروپوں کے درمیان زمین کا تنازع چل رہا ہے ،دونوں گروپ ایک دوسرے کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرواتےہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آٹھ سال قبل بچوں سے زیادتی اور فلم بندی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کے بعد کیسز رجسٹر کیے گئے تھے جبکہ ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پولیس اور مظاہرہ کررہے متاثرہ افراد کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں دو ڈی ایس پیز سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

قصور ضلع کے مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ مشتبہ گینگ ان کے بچوں کو ریپ کا نشانہ بناتا ہے اور اس کی فلم بندی کرکے بلیک میل بھی کرتا ہے جبکہ پولیس انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

Read Comments