Dawn News Television

شائع 29 اگست 2015 12:35am

انڈین آئیڈل جونئیر کی ناہید آفرین فلم میں گانا گائیں گی

بولی وڈ دبنگ اداکارہ سوناکشی سنہا نے انڈین آئیڈل جونئیر کی گلوکارہ ناہید آفرین کو اپنی آنے والی فلم ’اکیرا‘ میں ایک گانا گانے کی درخواست کی جسے ناہید نے فوری قبول کرلیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق سوناکشی سنہا نے انڈین آئڈل جونئیر کی 13 سالہ گلوکارہ ناہید آفرین سے اپنی آنے والی فلم ’اکیرا‘ میں گانا گانے کی درخواست کی جس کے بعد ناحید نے اس کی فوری ہامی بھر دی۔

یاد رہے کہ اداکارہ سوناکشی انڈین آئڈل جونئیر کی جج بھی ہیں اور پہلی مرتبہ کسی شو میں جج ہونے کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

سوناکشی سنہا کے ساتھ اس شو کو ویشال ددلانی اور سلیم مارچنٹ جج کر رہے ہیں۔

خاص بات یہ ہے کہ ویشال سوناکشی کی فلم اکیرا کے میوزک کمپوزر بھی ہیں۔

قیاس آرائیاں ہیں کہ سوناکشی خود بھی اس فلم میں پہلی مرتبہ گلوکاری کرتی نظر آئیں گی البتہ اداکارہ نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی۔

فلم ’اکیرا‘ میں سوناکشی کے ہمراہ ان کے والد شتروگھن سنہا اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

Read Comments