Dawn News Television

شائع 30 اگست 2015 03:26pm

’ہندوستان کو جارحیت پر عبرت کا نشان بنا دیں گے‘

سیالکوٹ: مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے پاکستان کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا ہے اور اس المناک بربریت کی مثال دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی۔

وفاقی وزیر دفاع نے ورکنگ باؤنڈری کے گاؤں کندن پور پہنچ کر ہندوستان کی گولہ باری سے ہوئے نقصان کا جائرہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے ہندوستان کو پاکستان کی شہری آبادیوں پر گولہ باری بند کرنے کی تجویز دیتے ہوئے خبردار کیا کہ بصورت دیگر ہندوستان کو ایسا جواب دیں گے کہ آئندہ ایسی جرأت نہیں کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو عبرت کا نشان بنا دیں گے کہ وہ اس کو کئی صدیوں تک یاد رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ہندوستان کی جارحیت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے گا۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ ’پاکستان کا دشمن ایک ہی ہے اور وہ ہندوستان ہے۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں کو ہندوستان سے مالی امداد اور اسلحہ ملتا ہے۔

خواجہ آصف ںے کہا کہ ہندوستان کے تمام الزامات غلط ثابت ہوئے ہیں تاہم پاکستان میں را کی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں۔

انھوں نے اعلان کیا کہ جارحیت سے زخمی ہونیوالوں کو فی کس 75 ہزار روپے کی امدای رقم دی جائے گی۔

وفاقی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاک-ہند تناؤ میں امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔


مودی سرکار ہوش کے ناخن لے، رضا ربانی


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار خام خیالی میں نہ رہے، ضرورت پڑنے پر پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے کے بعد سی ایم ایچ سیالکوٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ہندوستان نہتے پاکستانی شہریوں پر بمباری کررہا ہے جو ایک بزدلانہ عمل ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر سرحد کے قریب رہائشی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف سے بات کروں گا اور پاکستانی دیہات کی حفاظت کے لئے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ہندوستانی گولہ باری اور فائرنگ سے معصوم بچوں اور خواتین کی شہادت پر او آئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے جس سے اس تنظیم کا دوہرا معیار بھی سامنے آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اندرونی محاذ پر ناکام ہونے کا غصہ سرحد پر پاکستانی علاقوں پر اتار رہی ہے جس پر عالمی اداروں کو مودی سرکاری کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے۔

Read Comments