Dawn News Television

شائع 30 اگست 2015 04:45pm

آفریدی کی کارکردگی رائیگاں، لنکاشائر ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن

برمنگھم: انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ نیٹ ویسٹ بلاسٹ میں شاہد آفریدی کی آل راؤنڈر کی کارکردگی کے باوجود لنکا شائر نے ناتھیمپٹن شائر کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ایجبسٹین، برمنگھم میں کھیلے گئے نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ناتھیپمٹن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

لنکا شائر کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 77 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، اس موقع پر 26 گیندوں پر 47 رنز بنانے والے ایلکس ڈیویس پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ لنکا شائر بآسانی 180 سے 200 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دے گی لیکن آفریدی نے چار اوورز کی شانادر باؤلنگ کی بدولت ناتھیمپٹن نے حریف کو 166 رنز تک محدود رکھا۔

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کپتان نے چار اوورز میں صرف 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں لنکا شائر کی ٹیم 12 اوورز میں 81 رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو گئی لیکن ایسے میں آفریدی نے جوش کوب کے ساتھ مشکل وقت میں 52 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں جیت کی موہوم سی امید پیدا کی۔

آفریدی 18 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو ان کی ٹیم کو میچ میں جیت کیلئے 15 گیندوں پر 34 رنز درکار تھے لیکن نارتھیمپٹن کی ٹیم 153 رنز ہی بنا پائی۔

لنکا شائر نے میچ میں 13 رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

انگلش ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار لنکاشائر نے ایونٹ کی ٹرافی اپنے نام کی ہے جبکہ یہ 1999 کے بعد پہلی بار کسی ون ڈے یا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں لنکاشائر کی پہلی ٹرافی ہے۔

Read Comments