Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 اگست 2015 01:47pm

شیراپووا یو ایس اوپن سے باہر

نیویارک: روسی ٹینس اسٹار ماریا شیراپووا ٹانگ میں انجری کے سبب یو ایس اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی ہیں۔

پانچ مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے والی شیراپووا نے ومبلڈن اوپن کے سیمی فائنل میں سرینا ولیمز کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا اور ٹانگ کی انجری کے سبب ہی وہ اگست میں ٹورنٹو اور سنسناٹی میں ہونے والے مقابلوں سے دستبردار ہو گئی تھیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بدقسمتی سے میں اس سال یو ایس اوپن میں حصہ نہیں لے سکوں گی، میں نے اس کی تیاری کیلئے ہرممکن کوشش کی لیکن اتنا وقت کافی نہیں تھا۔

انہوں نے اپنے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ کچھ ہفتوں بعد مکمل صحتیابی کے بعد ایکشن میں نظر آئیں گی۔

یہ گزشتہ تین سالوں میں دوسرا موقع ہے کہ 28 سالہ کھلاڑی سال کے آخری گرینڈ سلیم مقابلے میں شرکت نہیں کر پائیں گی۔

یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ ماریا شیراپووا کی جگہ ان کی ہم وطن داریا کساٹکینا کو ایونٹ کا حصہ بنا لیا گیا ہے.

Read Comments