Dawn News Television

شائع 31 اگست 2015 07:53pm

سرینا یو ایس اوپن میں تاریخ رقم کرنے کے قریب

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اپنے کیریئر میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ چکی ہیں جہاں یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ ہی وہ سال کیلنڈر گرینڈ سلیم مکمل کر لیں گی۔

کیریئر میں 21 گرینڈ سلیم مقابلے جیتنے والی سرینا ولیمز اس سال آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن اور ومبلڈن اوپن جیت کر تینوں گرینڈ سلیم اپنے نام کر چکی ہیں اور یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ وہ چوتھا گرینڈ سلیم اپنے نام کر کے کیلنڈر گرینڈ سلیم اپنے نام کر لیں گی۔

اگر 33 سالہ اسٹار یہ کارنامہ انجام دے دیتی ہیں تو 27 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلی کھلاڑی ہوں گی، اس سے قبل 1988 میں جرمنی کی اسٹیفی گراف نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ مردوں میں آخری مرتبہ یہ کارنامہ 1969 میں روڈ لیور نے انجام دیا تھا۔

آج تک ٹینس کی تاریخ میں صرف پانچ کھلاڑی یہ سنگ میل عبور کر سکے ہیں۔

1938 میں پہلی مرتبہ ڈون بج نے یہ اعزاز حاصل کیا جس کے بعد روڈ لیور نے 1962 اور 1969 میں کیلنڈر گرینڈ سلیم مکمل کیا، 1953 میں مورین کونولی، 1970 میں مارگریٹ کورٹ اور پھر 1988 میں اسٹیفی گراف یہ اعزاز حاصل کر پائیں۔

مردوں کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ، عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے اس موقع پر سرینا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ٹینس اسٹار یہ اعزاز حاصل کرنے کی مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ایونٹ جیتنے کی صورت میں سرینا کے گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 22 ہو جائے گی اور اگر وہ پھر وہ سب سے زیادہ 24 گرینڈ سلیم جیتنے والی مارگریٹ کورٹ سے صرف دو گرینڈ سلیم دور رہ جائیں گی۔

Read Comments