Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2015 01:45pm

ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاس ختم کرنے کی تجویز

سڈنی: سابق عظیم آسٹریلین کپتان اسٹیو وا نے اپنے جانشین اور سابق کپتان رکی پونٹنگ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاس ختم کرنے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔

رکی پونٹنگ نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری حالیہ ایشز ٹیسٹ سیریز کے دوران تجویز پیش کی تھی کہ بیرون ملک کھیلنے والی یا مہمان ٹیم کو پہلے باؤلنگ یا بیٹنگ کا اختیار دینا چاہیے تاکہ وہ ہوم ٹیم کی جانب سے اپنی مرضی وکٹ بنا کر حاصل کیے گئے فائدے کا مقابلہ کر سکیں۔

اسٹیو وا نے کہا کہ وہ اس تجویز کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرے خیال میں یہ بری تجویز نہیں، بالآخر ٹاس اور بیرون ملک کنڈیشنز کا ٹیسٹ میچ کے نتیجے پر بہت حد تک دارومدار ہوتا ہے، اگر حکام دیگر تجاویز پر بھی غور کرتے ہیں تو میں ہرگز اس کی مخالفت نہیں کروں گا۔

سابق ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر مائیکل ہولڈنگ بھی اس تبدیلی کے حامی نظر آئے جس کی وجہ ایشز سیریز کے درمیان گراؤنڈ اسٹاف کو دی جانے والی تجاویز تھیں جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ بالکل مردہ وکٹیں تیار کریں تاکہ آسٹریلین باؤلنگ اٹیک سے نمٹا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو رکی پونٹنگ کی تجویز پر غور کرنا چاہیے اور اب مزید ٹاس نہیں ہونے چاہئیں۔

ہولڈنگ نے کہا کہ میرے خیال میں ٹاس کی اہمیت ٹیلیویژن کی حد تک بہت زیادہ ہے جہاں ہر کسی کی نظریں ہوا میں موجود ٹاس کے سکے پر مرکوز ہوتی ہیں اور پھر اس کے بعد وہ ٹاس جیتنے والے کپتان کے فیصلے کے منتظر ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وقت بدل چکا ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی ختم ہوتی جا رہی ہے، اب ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرنی چاہیے کہ گیند اور بلے کے درمیان توازن برقرار رہے۔

’اس کے لیے ضروری ہے ٹاس نہ ہو، مہمان کپتان کو وکٹ کے معائنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کرنے کی اجازت ہونی چاہیے کہ وہ کیا کرنا چاہتا ہے۔

Read Comments