Dawn News Television

شائع 04 اکتوبر 2015 09:08am

عراق میں خودکش دھماکے: 24افراد ہلاک

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک چیک پوسٹ کو عبور کرنے میں ناکامی پر خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بغداد کے آپریشنل کمانڈ کے ترجمان سعاد معان کا کہنا ہے کہ كاظمية میں عدان اسکوئر پر قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ کو 3 خود کش بمباروں نے عبور کرنے کی کوشش کی تھی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چیک پوسٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی اور ریلوے اسٹیشن کے قریب ان کی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

حملہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 30 منٹ پر عدن اسکوئر پر کیا گیا، جو کہ كاظمية کے مزار کے لئے ایک اہم داخلی راستہ ہے۔

دوسری جانب ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ایک خود کش دھماکا کار کے ذریعے کیا گیا ہے۔

اس کا کہنا تھا کہ حملے میں 24 افراد ہلاک جبکہ 61 زخمی ہوئے ہیں۔

كاظمية ہسپتال کے ذرائع اور وزارت داخلہ کے حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں عدن اسکوئر کو ایک حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اقوام متحدہ کے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق رواں سال ستمبر میں دہشت گردی، دیگر مسلح کشیدگی اور کارروائیوں میں مجموعی طور پر 717 افراد ہلاک جبکہ 1216 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

Read Comments