Dawn News Television

شائع 04 اکتوبر 2015 04:05pm

ششانک منوہر ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے سربراہ مقرر

ممبئی: ششانک منوہر کو بھاری اکثریت کے ساتھ آنجہانی جگموہن ڈالمیا کی جگہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔

ناگپور میں مقیم 58 سالہ وکیل ممبئی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اسپیشل جنرل باڈی میٹنگ میں کرکٹ کی دنیا کے سب سے طاقتور بورڈ کا سربراہ چنا گیا۔

بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے ٹوئٹر اکاؤٹ پر پوسٹ کیا کہ ششانک منوہر کو منتخب کر لیا گیا ہے۔

ششانک اس عہدے کیلئے واحد امیدوار تھے اور اس سے قبل بھی 2008 سے 2011 تک ہندوستانی بورڈ کے صدر رہ چکے ہیں۔

20 ستمبر کو سابق صدر جگموہن ڈالمیا کی موت کے بعد ہندوستانی کرکٹ میں اقتدار کی جنگ شروع ہو گئی تھی اور ششانک کے ساتھ سابق سربراہ شرد پوار کو بھی اس عہدے کیلئے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔

تاہم حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی مبینہ مخالفت کے بعد شرد پوار عہدے کی دوڑ سے دستبردار ہو گئے تھے جس سے ششانک کے انتخاب کی راہ ہموار ہو گئی۔

Read Comments