Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2015 04:42pm

حج قواعد:خلاف ورزی پر ناموں کی تشہیر ہوگی

جدہ: حج مہم کی ڈسپلنری کمیٹی نے حج کی مہم کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کے نام 'تشہیر پینلٹی' کے تحت عوامی مقامات پر آویزاں کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر اس طرح کا جرمانہ عائد کرنے کا مقصد لوگوں اور اداروں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہے تاکہ وہ آئندہ تمام ضوابط کی پابندی کریں۔

سعودی وزارت حج کے ترجمان حاتم قاضی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ڈسپلنری کمیٹی رواں ماہ کے آخر سے حجاج کی شکایات وصول کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت حج، وزارت داخلہ اور تحقیقات اور پبلک پراسیکیوشن کے بیورو کے حکام پر مشتمل کمیٹی میں مقامی اور دوسرے ممالک سے آنے والے تمام حجاج کرام حج کے دوران کسی بھی محکمے کی سروس میں کسی بھی طرح کی کمی اور کوتاہی کی شکایات جمع کراسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد آئندہ سال حج کے دوران تمام سروسز کو بہتر بنانا ہے۔

یہ پڑھیں : سانحہ منیٰ: جاں بحق حجاج کی تعداد 769 ہو گئی

حاتم قاضی نے بتایا کہ حج کمیٹی کو عوام طور پر کھانے پینے کے ناقص انتظامات، صفائی ستھرائی اور واپسی کی فلائٹس میں تاخیر کی شکایات موصول ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افراد اور اداروں کو سزا کے طور پر 'تشیری پینلٹی' کے علاوہ جرمانے، سروس کی معطلی، لائسنس کی منسوخی اور دیگر سزاوؤں کا بھی سامنا کر پڑسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف حج کمیٹی کسی بھی شخص یا ادارے پر جرمانہ عائد کرنے کی مجاز ہوگی اور ایسے شخص کے خلاف قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی اپنا کام آئندہ چند ہفتوں میں شروع کرے گی تاکہ حج سروس دینے والوں کو اپنا کام سمیٹنے کا موقع مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں : مسجد الحرام کرین حادثہ، 107 افراد جاں بحق

خیال رہے کہ رواں سال ہی منیٰ میں 25 ستمبر کو رمی کے دوران بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں سعودی حکام کے مطابق 769 افراد جاں بحق اور 934 زخمی ہوئے تھے.

یہ واقعہ گزشتہ 25 سالوں کا بدترین واقعہ تھا جس میں 87 پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے.

اس سے قبل مکہ معظمہ کی مسجد الحرام میں پیش آنے والے کرین حادثے میں بھی 107 افراد جاں بحق اور 238 زخمی ہوئے تھے.

Read Comments