Dawn News Television

شائع 10 اکتوبر 2015 12:02am

’فلم دشمن انڈیا پاکستان کو قریب لائے گی‘

ایک پاکستان کے نامور غزل گائیک غلام علی کا کنسرٹ ممبئی میں ہندوستان کی انتہا پسند جماعت شیو سینا کی جانب سے منسوخ کیا گیا وہیں دوسری جانب بولی وڈ کے ہدایت کار اور پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ ان کی آںے والی پنجابی فلم دشمن پاکستان اور ہندوستان کو ایک دوسرے کے قریب لاسکتی ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق مہیش بھٹ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایک پنجابی فلم کی پروڈکشن دے رہے ہیں جس کی ہدایتکاری شگفتہ رفیق دیں گی۔

’دشمن‘ ٹائٹل کی اس فلم کی شوٹنگ ہندوستان، پاکستان اور برطانیہ میں کی جائے گی۔

مہیش بھٹ نے حال ہی میں فلم کے حوالے سے ٹویٹ بھی کی۔

مہیش بھٹ کے مطابق اس فلم کی کہانی دو دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو ہندوستان اور پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ دہلی حکومت نے غلام علی کو انڈین دارالحکومت میں پرفارمنس کے لیے مدعو کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ اپریل میں لیجنڈری غلام علی نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقے واراناسی کے مشہور سنکت موچن مندر میں موسیقی کی محفل منعقد کی تھی، اس محفل کے لیے مودی کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی مصروفیت کی وجہ سے اس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

Read Comments