Dawn News Television

شائع 10 اکتوبر 2015 09:15am

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، 6 فلسطینی ہلاک

غزہ: اسرائیلی فورسز نے فلسطین کے مغربی کنارے غزہ کے علاقے میں فائرنگ کرکے 6 فلسطینیوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک چاقو بردار یہودی نے جنوبی اسرائیل میں 4 عربوں کو چاقو کے وار سے زخمی کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر اس وقت سرحد پار فائرنگ کا آغاز کیا جب انھوں نے فورسز کے قریب پہنچ کر ان پر پتھراؤ کیا اور سٹرک پر ٹائر جلائے۔

غزہ میں موجود ڈاکٹروں کے مطابق 6 فلسطینی ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 10 روز کے دوران اسرائیلی فورسز اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جاری کشیدہ صورت حال کے دوران 8 فلسطینی اور 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، جس پر اسرائیل کے قبضے میں موجود فلسطین کے مغربی کنارے کے علاقے غزہ اور یروشلم میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ فلسطینیوں کو یروشلم میں موجود مسجد اقصیٰ میں عبادت سے روکا جارہا ہے اور اسرائیل اس مسجد کی حیثیت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے مظاہرین کو صبر کی تلقین کی جارہی ہے اور فلسطینی پولیس، اسرائیلی فورسز کے ساتھ مل کر علاقے کی کشیدہ صورت حال کو پُرامن بنانے کی کوششیں کررہی ہے تاہم کشیدگی کم ہوتی نظر نہیں آرہی۔

غزہ کے علاقے میں حماس کے رہنما اسمعیل ہانیہ نے جمعہ کی نماز کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آج جمعہ کا دن ہے اور یہ شدت کا دن ہے۔۔۔ یہ وہ دن ہے جو کہ فلسطین بھر میں نئے انتقاضہ کی شروعات کا دن ہوگا۔‘

انھوں ںے کہا کہ ہم اپنی روح اور خون یروشلم کے لئے دے دیں گے، یروشلم اور مسجد اقصیٰ ہمارے مذہب کا حصہ ہیں۔

Read Comments