Dawn News Television

شائع 12 اکتوبر 2015 09:03pm

'ن لیگ کے جشن کا نہیں، فکر کرنے کا وقت ہے'

لاہور: لاہور کے قومی اسمبلی اسمبلی کے حلقے این اے-122 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان نے حلقے سے پاکستان مسلم لیگ نواز کی فتح کے بعد کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف 70 ہزار سے زائد ووٹ لینا بڑی کامیابی ہے، یہ ن لیگ کے جشن کا نہیں، فکر کرنے کا وقت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے حلقہ این اے 122 میں گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 76 ہزار 204 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

تحریک انصاف کے امیدوار ضمنی انتخاب میں 72 ہزار 43 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: ’اس بار بھی دھاندلی سے بچنے کیلئے تیار نہ تھے‘

لاہور میں سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب 3 سیٹوں پر ہوا جو پہلے ن لیگ کے پاس تھیں جن میں سے دو سیٹیں حکمران جماعت ہار چکی ہے۔

علیم خان نے الزام عائد کیا کہ انتخاب کے دوران ایک فیکٹری کے پورے عملے کے ووٹ منتقل کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حلقے میں ووٹوں کی تبدیلی کے ساتھ نئے ووٹ درج کیے گئے، ووٹرز کی نئی فہرست الیکشن شیڈول کے بعد ہمیں دی گئی۔

اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ ہمارے لوگوں کے ووٹ دوسرے حلقوں میں منتقل کیے گئے، ثبوت جمع کرنے کیلیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ صرف دو ڈھائی ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوئی ہے، تحفظات کے باوجود انتخابی نتائج تسلیم کرتے ہیں۔

ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیاگیا، حکومتی وزرا نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں۔

Read Comments