Dawn News Television

شائع 21 اکتوبر 2015 03:26pm

فلپائن میں 2 چینی سفارتکار قتل

منیلا: فلپائن کے شہر سیبو میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 2 چینی سفارتکاروں کو ہلاک جب کہ ایک کو زخمی کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ فلپائن کے وسطی شہر سیبو کے ایک ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔

پولیس ترجمان ولبن میئر کے مطابق مسلح شخص کی فائرنگ سے چین کا ڈپٹی قونصلر اور فنانس افسر ہلاک جبکہ قونصلر جنرل شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک چینی سفارتکار کے شوہر اور سفارتخانے میں کام کرنے والی ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ولبن میئر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے پولیس کو ایک خودکار پستول بھی ملی ہے۔

دارالحکومت منیلا میں چینی سفارت خانے کی ترجمان لی لنگ شیاؤ نے کہا کہ وہ فوری طور پر واقعے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کرسکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ تمام حقائق کی تصدیق کر رہا ہے جس کے بعد ہی فائرنگ کی وجوہات سامنے آئیں گی۔

فلپائن کی وزارت داخلہ کے ترجمان چارلس جو نے بھی واقعے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

Read Comments