Dawn News Television

شائع 27 نومبر 2015 09:54pm

اخروٹ کا استعمال ذیابیطس سے بچائے

روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کو کھانا ذیابیطس کے شکار بننے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

یالے یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران رضاکاروں کو چھ ماہ تک روزانہ اخروٹ کھانے کے لیے دیے گئے جس کے بعد خون کی شریانوں کے افعال میں بہتری دیکھی گئی جبکہ جسم کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آئی۔

خیال رہے کہ خون کی شریانوں کے افعال میں خرابی اور خراب کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کا شکار بناسکتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ اخروٹ میں فیٹی ایسڈز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ کیلوریز کے حوالے سے بھی یہ بہترین ہے تو اگر لوگ روزانہ اس کو کھائیں تو ان کا میٹابولک نظام بہتر حالت میں رہتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران سو سے زائد مرد و خواتین پر تجربات کیے گئے جن میں سے 75 میں ذیابیطس ٹائپ ٹو میں مبتلا ہونے کا خطرہ بہت زیادہ تھا۔

محققین نے ان لوگوں کو روزانہ پچاس گرام سے زائد اخروٹ چھ ماہ تک کھلائے تو یہ نتائج سامنے آئے کہ لوگوں کی غذائی عادات کے معیار میں بہتری آئی ہے اور ذیابیطس کا خطرہ کم ہوگیا ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے بی ایم جے اوپن ڈائیبیٹس ریسرچ اینڈ کیئر میں شائع ہوئی۔

Read Comments