یونس خان کا بیٹ مستحق افراد کے نام
کراچی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے اپنا تاریخ ساز بلا انڈس اسپتال کو عطیہ کردیا جو مستحق افراد کے علاج میں مدد کے لیے نیلام کردیا جائے گا.
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب میں شریک تھے جہاں انھوں نے اپنے تاریخ ساز بلے کو انڈس اسپتال کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بلے کو نیلام کریں گے اور اس کے ذریعے جو رقم حاصل ہوگی وہ اسپتال کی تعمیر اور دیگر کاموں میں خرچ ہوگی۔۔
یونس خان نے مخیر افراد سے اپیل کی وہ آگے آئیں اور اس ریکارڈ ساز بلے کو جتنے زیادہ پیسوں سے خرید سکتے ہیں خریدیں تاکہ مستحق افراد کے لیے اسپتال کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔
یونس خان نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کاریکارڑ خوب صورت چھکا لگا کراپنے نام کیا تھا، اب اسی بلے کو مستحق افراد کی بہتری کے لیے عطیہ کردیاہے۔