Dawn News Television

شائع 29 نومبر 2015 03:06pm

گمشدہ چینی خاتون 10 سال بعد انٹرنیٹ کیفے سے برآمد

گزشتہ دس سال سے گمشدہ اور مردہ تصور کی جانے والی چینی لڑکی انٹرنیٹ کیفے میں پائی گئی جہاں انہوں نے مبینہ طور پر گزشتہ دہائی گزاری اور گیم کھیلے۔

24 سالہ ژیو یون نے والدین کے ساتھ تلخ کلامی کے باعث 14 سال کی عمر میں گھر چھوڑ دیا تھا۔

تاہم ایک پولیس اہلکار نے 20 نومبر کو انٹرنیٹ کیفے کے روٹین چیک کے دوران انہیں صبح کے اوقات میں تلاش کرلیا۔

تلاشی کے دوران ان کے پاس سے جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوا جس پر انہیں مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے اسی کیفے میں رہائش پذیر تھیں۔

24 سالہ خاتون کراس فائر نامی گیم کی مداح ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دن بھر گیم کھیلتیں جبکہ رات میں کیفے میں ہی رہتیں یا پھر باتھ ہاوس چلی جاتیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کیفے میں آنے والے دیگر لوگوں کی جانب سے دی جانے والی رقوم سے گزر بسر کرتیں جبکہ کبھی کبھار کچھ کیفیز میں کینشئر کے طور پر بھی کام کرتیں۔

پولیس نے ان پر 1000 یوان کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے ان کے گھر والوں کو اس حوالے سے آگاہ کردیا۔

ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کی گمشدگی کے بعد سے انہوں نے اپنا فون نمبر تبدیل نہیں کیا اس امید میں کہ شاید ان کی بیٹی کبھی ان سے رابطہ کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پہلے اپنی بیٹی کو ڈانٹتی تھیں تاہم اب وہ ایسا پھر کبھی نہیں کریں گی۔

بشکریہ ٹیک وارم

Read Comments