گیس پیداوار،کنکشن کےحکومتی اعداد وشمارچیلنج
اسلام آباد: ملک میں گیس کی پیداوار اور اس کے کنکشنز کے حوالے سے سینیٹ میں پیش کیے جانے والے حکومتی اعداد شمار کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے چلینج کردیا۔
پی پی پی کی رہنما سسی پلیجو نے ہاؤس کی توجہ وزیر پیٹرولیم اور قدرتی ذخائر شاہد خاقان عباسی کے تحریری جواب کی جانب دلائی، جس کے مطابق پنجاب کے مقابلے میں 18 لاکھ کم گھریلو اور صنعتی صارفین ہونے کے باوجود سندھ نے سب سے زیادہ گیس استعمال کی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار میں اختلاف کی وجہ یہ ہے کہ سندھ میں صنعتی یونٹس کی تعداد زیادہ ہے جبکہ پنجاب کے صنعتی یونٹس گذشتہ 4 ماہ سے بند ہیں اور سندھ کے صنعتی یونٹس کو پورا سال گیس کی فراہمی جاری رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
انھوں ںے مزید کہا کہ اب چونکہ ملک کو گیس کی شدید کمی کا سامنا ہے، لہذا سندھ کی صنعتوں کو ہفتے میں ایک بار بند کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نعمان وزیر نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختون خوا، پنجاب کے مقابلے میں گیس کی پیداوار زیادہ کررہا ہے لیکن اس کے باوجود خیبر پختون خوا کو اس کا حصہ نہیں دیا جارہا۔
گیس کنکشن کے حوالے سے وزیر پیٹرولیم کا تحریری جواب
وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے جمع کروائے جانے والے تحریری جواب کے مطابق ملک میں ہر روز مجموعی طور پر 4،163 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیدوار ہوتی ہے، جس میں سے سندھ سے 2،781 ایم ایم سی ایف ڈی، بلوچستان سے 875 ایم ایم سی ایف ڈی، خیبرپختونخوا سے 362 ایم ایم سی ایف ڈی اور پنجاب سے 145 ایم ایم سی ایف ڈی گیس نکالی جاتی ہے۔
وزیر پیٹرولیم اور قدرتی ذخائر شاہد خاقان عباسی کے مطابق سندھ سب سے زیادہ گیس استعمال کرتا ہے، جہاں 1،870 ایم ایم سی ایف ڈی گیس روزانہ کی بنیادوں پر استعمال ہوتی ہے، اس کے بعد پنجاب میں 1،122 ایم ایم سی ایف ڈی، بلوچستان میں 405 ایم ایم سی ایف ڈی اور کے پی میں 293 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال ہوتی ہے۔
تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کی 3،120 صنعتوں کو 238 ایم ایم سی ایف ڈی گیس جبکہ سندھ کی 4،100 صنعتی یونٹس کو 696 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جاتی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے 60 صنعتی یونٹس کو 8 ایم ایم سی ایف ڈی گیس جبکہ کے پی کے 234 صنعتی یونٹس کو 36 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
شاہد خاقان عباسی کے مطابق پنجاب کے گھریلو صارفین کی تعداد 4،296،966، سندھ کے گھریلو صارفین کی تعداد 2،461،937، کے پی کے گھریلو صارفین کی تعداد 624،871 جبکہ بلوچستان کے گھریلو صارفین کی تعداد 251،194 ہے۔
پنجاب میں کمرشل صارفین کی تعداد 43،825، سندھ میں 20،635، کے پی میں 8،006 اور بلوچستان میں 2،554 ہے۔
اسی طرح پنجاب میں سی این جی اسٹیشن کی تعداد 1،670، سندھ میں 616، کے پی میں 546 اور بلوچستان میں 24 ہے۔
یہ خبر 15 جنوری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.