Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 فروری 2016 09:24am

جنوبی تائیوان میں زلزلے سے 5 افراد ہلاک

تائینان: تائیوان کے جنوبی حصے میں شدید زلزلے سے تائینان شہر میں کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں، جس کے نتیجے میں شیر خوار بچی سمیت 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق 6 اعشاریہ 4 شدت کے شدید زلزلے سے تائینان شہر میں واقع 17 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے آیا، عمارت کے ملبے تلے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینوں کے ذریعے فوری ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا اور ملبے سے 221 افراد کو نکال لیا گیا۔

تاہم ریسیکو حکام کا کہنا ہے کہ اب بھی تقریباً 35 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

— فوٹو: رائٹرز

عمارت منہدم ہونے سے ہلاک ہونے والی شیر خوار بچی سمیت 4 افراد اسی عمارت میں مقیم تھے، جبکہ ملبے سے نکالے جانے والے افراد میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

زلزلے کے جھٹکے تقریباً 300 کلو میٹر فاصلے پر واقع دارالحکومت تائی پی میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے سے 20 لاکھ کی آبادی والے شہر میں کئی اور عمارتیں بھی منہدم ہوئیں، تاہم فائر ڈیپارٹمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی پوری توجہ 17 منزلہ عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنے پر مرکوز ہے، جبکہ شہر کی کئی دیگر عمارتیں بھی منہدم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

واضح رہے کہ تائیوان میں ستمبر 1999 میں آنے والے 7.6 کی شدت کے زلزلے میں بھی 2 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

Read Comments