Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 فروری 2016 02:13pm

افغانستان: خودکش حملے میں 3 افغان فوجی ہلاک

کابل: افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں افغان نیشنل آرمی (اے این اے) کی بس کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 3 افغان فوجی ہلاک ہوگئے.

خبر رساں ادارے 'اے پی' نے صوبائی گورنر کے ترجمان منیر احمد فرہاد کے حوالے سے بتایا کہ خودکش بمبار پیدل تھا اور اس نے صوبائی دارالحکومت مزار شریف کے ضلع داہڈادی میں فوج کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا.

انھوں نے بتایا کہ حملے میں 18 فوجی زخمی بھی ہوئے.

دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو بھیجی گئی ایک ای میل میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا.

دسمبر 2014 میں امریکا کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز پر طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے.

دوسری جانب مشرقی صوبے ننگرہار میں صدارتی محل کے گارڈ کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا.

صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی کے مطابق مذکورہ گارڈ کو اُس کے گھر میں قتل کیا گیا جبکہ حملے کے دوران اس کی والدہ زخمی ہوگئیں.

خوگیانی کے مطابق پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments