Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 فروری 2016 07:33pm

ڈینیئل برائن ریسلنگ سے ریٹائر

ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپراسٹار ڈینیئل برائن نے محض 34 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

ڈینیئل برائن گزشتہ مئی سے انجری کے باعث ریسلنگ کی دنیا سے دور تھے اور انہوں نے طبی وجوہات کی بناءپر پیر کو اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے اس کا اعلان ٹوئٹر پر کیا جبکہ منڈے نائٹ را میں بھی شرکت کرکے جذباتی انداز میں اپنے پرستاروں کو الوداع کہا۔

سابق ریسلنگ اسٹار جن کا اصل نام برائن ڈینیئل سن ہے، گزشتہ دو برسوں سے انجریوں کا سامنا کررہے تھے۔

2014 میں ریسل مینیا 30 میں رینڈی اورٹن اور بٹیسٹا کو شکست دینے کے فوری بعد ہی انہیں گردن کی سرجری کے باعث ٹائٹل سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔

اس کے بعد 2015 میں رائل رمبل سے قبل واپس لوٹے اور ریسل مینیا 31 میں ڈبلیو ڈبلیو ای انٹرکانٹینینٹل چیمپئن شپ جیتی مگر 11 مئی کو ایک بار پھر طبی وجوہات کی بناءپر اس سے دستبردار ہونا پڑا۔

برائن نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں ڈیبیو 2010 میں این ایکس ٹی میں کیا تھا اور بہت جلد مقبولیت اختیار کرگئے، خاص طور پر 2013 میں ان کی ' یس' موومنٹ ایک مقبول نعرہ بن گیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈینیئل برائن نے اپنا کیرئیر اس موڑ پر ختم کیا جب وہ سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے ریسلرز میں سے ایک تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments