Dawn News Television

شائع 11 فروری 2016 11:13pm

ویسٹ انڈیز انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں

میرپور: ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔

شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے سیمی فائنل کا ٹاس میزبان بنگلہ دیش نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ویسٹ انڈیز کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے۔

بنگلہ دیش کے 5 بلے باز 113 رنز پر پویلین واپس جا چکے تھے تاہم مہدی حسن میراز نے 60 رنز کی اننگز کے بدولت اپنی ٹیم کو 200 کے قریب لا کھڑا کیا محمد سیف الدین نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے 36 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں جوریز شیخ 35 اور ذاکر حسین 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم آخری اوور میں 226 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے لیموپال نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعقاقب میں ویسٹ انڈیز نے پراعتماد آغاز کیا لیکن بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔

شیمار اسپرنگر اور کپتان شمرن ہیٹمر نے ذمہ دارانہ بلے بازی کے ذریعے ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔

کپتان ہیٹمر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اسپرنگر نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے بدولت اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔

ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 49 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنا کر عبور کرلیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے صالح احمد شوان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے اسپرنگر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں ہندوستان نے سری لنکا کو 97 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

انڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 14 فروری کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میرپور میں ہی کھیلا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments